دہشت گردی کے خلاف  آرمی چیف کا عزم

Aug 15, 2024

اداریہ


آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا پاک فوج پر غیرمتزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، کوئی منفی قوت، اعتماد اور محبت کے اس رشتے کو نہ کبھی کمزور کر سکی، نہ ہی آئندہ کر سکے گی، افواج پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے۔یو م آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارے قومی شعور کی بنیاد پر نظریہ پاکستان ہے جو دو قومی نظریہ پر مبنی ہے۔ دو قومی نظریے نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت، ثقافت اور تہذیب کا موقع فراہم کیا۔ یہ ملک نہ صرف قائم رہنے بلکہ دنیائے عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کیلئے معرض وجود میں آیا۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں بالخصوص، فتنہ الخوارج کی ریاست اور شریعت مخالف کارروائیوں کی وجہ سے دہشت گردی کے فتنہ نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، اِسی فتنے کے بارے میں کہا تھا کہ ”اگر تم شریعتِ اسلام کو نہیں مانتے‘ آئین پاکستان کو نہیں مانتے تو ہم بھی تمہیں پاکستانی نہیں مانتے“۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ جو پاکستان کے آئین و قانون کی پاسداری نہیں کرتے‘ ریاستی اداروں کا احترام کرنے کے بجائے‘ دنیا بھر میں انکی رسوائی کا باعث بنتے ہیں اور سوشل پر انکی تضحیک کا موقع بھی ہاتھ سے نہیں جانے دیتے‘ بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والوں کے سہولت کار بننے والے یہ عناصر ہرگز محب وطن نہیں ہو سکتے۔ ان عناصر کا پاکستان کے کسی بھی ادارے یا شعبہ سے تعلق ہو، وہ ملک کے ساتھ مخلص نہیں بلکہ ملک کے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں۔ یہ اپنے مفادات کی خاطر ریاست کو سخت نقصان پہنچاتے ہیں۔ اسی تناظر میں آرمی چیف نے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا کر اس عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات بالخصوص بلوچستان اس وقت پھر دہشت گردی کی لپیٹ میں آیا ہوا ہے۔ دہشت گردی کی اس لہر کے پیچھے ہمارا ازلی دشمن بھارت اور اس کی کٹھ پتلی کابل انتظامیہ ہی ملوث ہے جو پاکستان میں موجود اپنے سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان کی سلامتی کے درپے ہیں۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے والے چاہے اندرون ملک ہوں یا بیرون ملک ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ 

مزیدخبریں