78ویں یوم آزادی پر پرچم کشائی اور قومی یادگار پر حاضری

وطن عزیزکے 78ویں یوم آزادی کے سلسلے میں سب سے بڑی اوراہم تقریب پرچم کشائی قومی یادگار شکرپڑیاں پر منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی وزیراعظم نے پرچم کشائی کی اور قومی یادگار پر پھول چڑھائے بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جشن آزادی کے موقع پر پاک چائنا سینٹر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں قوم کو دو ٹوک الفاظ میں نویدِ سنا دی کہ بجلی کے بلوں کی موجودہ صورتحال اور عوام کو مہنگائی سے جن مشکلات سے دو چار کیا گیا ہے وہ ان دونوں مسائل سے قوم کو چند دنوں میں نجات دلائیں گے کیونکہ موجودہ مہنگی بجلی سے پاکستان کی صنعت ، کاروبار ، برآمدات اور گھر نہیں چل سکتے۔ اب ہمیں ماضی کو بھول کر مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے اپنا خون پسینہ بہا دوں گا امیر اور غریب کیلئے الگ الگ پاکستان نہیں ہوناچاہیئے غربت کو خوشحالی میں بدلنا یوگا نوجوان فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کار نہ بنیں ملک دشمنوں کی ڈیجیٹل دہشت گردی کاسچائی سے مقابلہ کریںگے۔دنیا میں پاکستان کی پہچان اس کے نوجوان ہیں نوجوان کیلئے کھیلوں کے میدان بھی سجیں گے ۔ارشد ندیم قوم کے ہیرو ہیں انہوں نے سونے کا تمغہ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیاسب کو یوم آزادی مبارک ہو اللہ تعالیٰ نے ہم کو آزادی کی نعمت عطا فرمائی قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیاان قائدین، غازیوں اور شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے وہ کام کر دکھایا جس نے نہ صرف خطے کی تاریخ بلکہ جغرافیہ بھی بدل ڈالا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان 14 اگست 1947 ء کو معرض وجود میں آیاتو ملک کے بیٹوں نے قوم کو سنواراپاکستان کو ایٹمی طاقت بنایاکوئی دشمن ملک کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکے گا77 سال سے جدوجہد کی داستان ہے، پاکستان اسی طرح قائم و دائم رہے گا ہمیں آج فیصلہ کرنا ہوگا کہ قرضوں اور کشکول والی زندگی گزارنی ہے یا قائداعظم  محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے فرمودات والی زندگی گزارنی ہے جس کیلئے پاکستان معرض وجود میں آیا اور جس کیلئے لاکھوں مائوں ، بہنوں اور نوجوانوں نے اپنے خون کی قربانی دی ہمیں ان شہیدوں کی توقیر کیلئے اب تک جو کچھ ہوتا رہا اس کو دفن کر کے آگے بڑھنا ہوگا اور محنت اوردیانت پر عمل کرنا ہوگا امیر اور غریب کا الگ الگ پاکستان نہیں ہونا چاہیے میں 5 سالہ معاشی پروگرام کا جلد اعلان کروں گا۔ ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا صرف شعلہ بیانی نہیں عملی اقدامات سے قوموں کی تقدیر بدلتی ہے ہمیں ماضی سے سبق حاصل کر کے منصوبہ بندی کرنا ہوگی وزیر اعظم نے کہا کہ ہر پاکستانی قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر چاہتا ہے، کامیابیوں اور ناکامیوں کی طویل فہرست ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں اور پوری قوم نے قر بانیاں دی ہیں آج ہمیں اپنی قسمت کو بدلنا ہوگا غربت کو خوشحالی میں بدلنا ہوگاملک کو عظیم بنانا ہوگا جشن آزادی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ بجلی کے بلوں  میں کمی کے بغیر ملک کی صنعت و زراعت اور  برآمدات میں اضافہ نہیں ہو سکتا حکومت اس پر کام کر رہی ہے اور چند دنوں میں اس کے نتائج آئیں گے بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے خوشخبری ملے گی اس کے بغیر ملکی معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی شبانہ روز محنت سے کامیابی ملتی ہے وزیراعظم نے عہد کیا کہ خون کے آخری قطرے تک مہنگائی، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے کام کروں گا ۔نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں، ان  کی تعلیم، تربیت، ترقی و ہنرمندی کے  سال ہیں، وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں،فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کار نہ بنیں انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کی ترقی روکنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے۔ ہمارا دشمن ہماری جوہری طاقت اور ناقابل تسخیر دفاع سے خائف ہے اور وہ ڈیجیٹل دہشت گردی کے ہتھیار کو استعمال کر کے پاکستان کے نوجوانوں کے ذہنوں پرجھوٹ مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس کو سچائی ناکام بنا سکتی ہے شعور اور آگاہی انتشارنہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور امن لاتی ہے، دلوں کو جوڑتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ  فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے باعث یوم آزادی پر ہمارے دل غمگین ہیں، فلسطین میں اسرائیلی قتل عام کی مذمت کرتے ہیں، دنیا کے انصاف پسند ادارے  بیدار ہوں اور فلسطین میں خون کو مزید بہنے سے روکنے  اور ظالموں کو کٹہرے میں لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، خون کی پیاسی ریاستیں دنیا کو جہنم بنا دیں گی، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں فلسطینیوں کو جب تک  ان کے حقوق نہیں ملتے ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ  آج  عہد کرتے ہیں کہ ہم سب مل کر دن رات محنت کریں تاکہ آئندہ یوم آزادی  پر یہ مسائل نہ ہوں جن کیلئے ہمارے دل افسردہ ہیں، ہمارے متحد ہونے سے ہمیں یقینی کامیابی ملے گی۔
تقریب میں چیئرمین سینٹ سید  یوسف رضا گیلانی،خواجہ محمد آصف ،رانا تنویر حسین ،محمد اورنگزیب ، عطاء  اللہ تارڑ،اعظم نذیر تارڑ، مصدق ملک ،رانا ثناء  اللہ ،رانا مشہود ،قیصر شیخ ، ار اکین  پارلیمنٹ انجم عقیل خان ، بیرسٹر دانیال تنویر چوہدری ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، ناصر محمود بٹ ، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان ، کیبنٹ سیکرٹری کامران افضل ،غیر ملکی سفیروں ، پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، ایران میں عالمی حسن قرآت میں اول آنے والے حافظ ابوبکر سمیت اہم سیاسی و سماجی  شخصیات اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اسلام آباد پولیس نے پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو سلامی دی علاوہ ازیں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف  نے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے جیولین تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم کے لئے 15 کروڑ روپے انعام ،اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو انکے نام سے منسوب کرنے انہیں ہلال امتیاز سے نوازنے اوران کے کوچ سلمان اقبال بٹ کیلئے بھی ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت کیلئے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کیا جہاں 2028 اولمپکس کیلئے ایتھلیٹس و کھلاڑیوں کو تربیت دے کر بھرپور مقابلے کیلئے تیار کیا جائے گا۔اس کے علاوہ  وزیرِ اعظم نے ایتھلیٹ ارشد ندیم  کے اعزاز میں وزیراعظم ہائوس میں عشائیے کے دوران خطاب میں کھلاڑیوں کی بہبود کیلئے 1 ارب روپے کے سپورٹس انڈومنٹ  فنڈ کا بھی اعلان کیاہے۔وزیرِ اعظم ہائوس پہنچنے پر وزیرِ اعظم نے ارشد ندیم، انکی والدہ اور انکے اہلِخانہ کا استقبال کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو یوم آزادی سے پہلے ایک شاندار تحفہ دیا جس نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم 25 کروڑ پاکستانی عوام کے ہیرو اور دلوں کی دھڑکن ہیں، ارشد ندیم نے 40 سال بعد پاکستان کیلئے اللہ تعالیٰ کی رحمت، شبانہ روز محنت اور والدین اور قوم کی دعائوں سے گولڈ میڈل جیتا، اس پر پوری پاکستانی قوم انکی شکر گزار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی ہم سب کیلئے روشن مثال ہے، اس مثال سے ہمیں حوصلہ ملا ہے اس راستے پر چل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے، شبانہ روز محنت اتحاد و اتفاق سے ان چیلنجز سے نمٹیں گے اور ملکر ملک کو عظیم طاقت بنائیں گے ۔ عظیم ماں کے عظیم بیٹے کی کامیابی کا یہ پودا سایہ دار درخت بنے گا، مستقبل میں کامیابی کے مزید ریکارڈ بنائے جائیں گے وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھیلوں کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں، ہاکی، کرکٹ، سکوائش کو دوبارہ بحال کریں گے سینئر کھلاڑی کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی تجاویز دیں تاکہ پاکستان کی عظمت رفتہ کو واپس لایا جا سکے، وزیراعظم نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلایا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن