لاہور(سپورٹس رپورٹر)عمر امین کی شاندار سنچری اور کپتان سعود شکیل کے 76 رنز کی بدولت پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کیخلاف چار روزہ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں4 وکٹوں پر 367 رنز بنالئے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش اے کی ٹیم پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 122 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان شاہینز کو 245 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔اسلام آباد کلب میں میچ کے دوسرے روز پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز2 رنز بغیر کسی نقصان پر شروع کی تاہم صائم ایوب 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔عمرامین اور محمد ہریرہ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 96 رنز کا اضافہ کیا۔محمد ہریرہ پانچ چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔عمرامین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 32 ویں سنچری 128گیندوں پر مکمل کی۔ وہ 177 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 23چوکے اور 3 چھکے شامل تھے یہ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کا دوسرا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔ اس سے قبل انہوں نے نومبر2012 میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی طرف سے حبیب بینک کیخلاف 281 رنز بنائے تھے۔ عمرامین نے کپتان سعود شکیل کیساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 195 رنز کا اضافہ کیا۔سعود شکیل نے 76 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ کھیل کے اختتام پر سعد خان چھ چوکوں کی مدد سے 31 اور کامران غلام ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ بنگلہ دیش اے کی طرف سے حسن مراد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔