لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس یوم آزادی پر شہریوں کی جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کے عزم کو دہراتی ہے۔پنجاب پولیس کی فرض کی راہ میں 1640 شہادتیں ارض وطن سے لازوال محبت کی علامت ہیں، ارض پاک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔پنجاب پولیس جشن آزادی پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائینگے۔سی سی ٹی وی کیمروں سے جشن آزادی کی تمام تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی۔ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی،جشن آزادی کی تقریبات اور شہریوں کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے۔ صوبہ بھر میں 527 پروگرامز، ریلیاں، مارچ پاسٹ سمیت دیگر پروگرامز منعقد ہوئے۔ پرچم کشائی کی 251 تقاریب ہوئیں، 44 ریلیاں اور مارچ پاسٹ کی 11 واکز ہوئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید ہونے والے کانسٹیبل ضیا اختر کی قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کانسٹیبل ضیا اختر نے بہادری سے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کیا، پنجاب پولیس یوم آزادی پر لازوال قربانی پیش کرنیوالے شہید کو کبھی فراموش نہیں کریگی، شہید کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جائیگا۔