لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ ) ہمیں آگے بڑھنے اور اقوام عالم میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے پوری ایمانداری سے محنت کرنا ہوگی۔ پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے عسکری - 9 میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عسکری - 9 لاہور میں یوم آزادی کی تقریب کا آغاز مسجد میں قرآن خوانی سے ہوا۔مہمانِ خصوصی معراج انیس عارف،ڈائریکٹر جنرل نیشنل سکول آف پبلک پالیسی سٹیبلشمنٹ ڈویژن حکومت بلوچستان نے پرچم کشائی کی۔ کرنل (ریٹائرڈ) راشد احمد چودھری،لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری سی او او نوائے وقت میڈیا گروپ، میجر (ر) ملک محمد اشرف سمیت تمام حاضرین نے ملکر قومی ترانہ پڑھا۔ کیپٹن (ر) محمد طارق پاکستان نیوی، گروپ کیپٹن (ر) آغا کامران حیدر، لیفٹیننٹ کرنل (ر) حفیظ الرحمان، لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد اطہر،ایس ایم شیخ محمد اختر،کالونی کے سرکردہ افراد اور خواتین و بچے بھی شریک ہوئے جو یوم آزادی کی مناسبت سے خوبصورت ملبوسات میں ملبوس تھے۔ مہمان خصوصی معراج انیس عارف نے اپنے خطاب میں تحریک پاکستان کے آغاز سے قیام پاکستان تک کی جدوجہد کا مختصراً ذکر کیا۔ قرآنِ مجید ہمارے لئے ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے۔قرآن پاک کو سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ ہم اپنے زندگی کے معمولات میں روزانہ کی بنیاد پر قرآن مجید کو سمجھنے کو زندگی کا حصہ بنائیں۔ اگر ہم ایسا کریں تو ہم زندگی کی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ قبل ازیں کرنل (ر) راشد محمود چوہدری نے تحریک پاکستان میں سرسید احمد خان اور حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں کو پاکستان کیلئے بے حد محنت کرنے کی تاکید کی۔ کیپٹن (ر)محمد طارق نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، چیف آپریٹنگ آفیسر نوائے وقت میڈیا گروپ نے کہا قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانانِ ہند نے 1940ء میں جس منزل کا تعین کیا تھا اسے حاصل کرنے میں انہوں نے اپنا تن من دھن لٹا دیا۔ آج بھی ہمیں اسی جذبے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان اقوامِ عالم میں اپنا صحیح مقام حاصل کر لے۔ ایک ایٹمی ملک ہونے کے ناطے سے ہمیں تمام معاملات بالخصوص معاشی میدان میں کسی کا دستِ نگر نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنائیں۔ جو فرد جہاں بھی ہے وہ اپنا فرض پوری ایمانداری سے ادا کرے تو خوشحالی کی منزل کا حصول حقیقت بن جائے گا۔ قومی نعروں کے ساتھ اس تقریب کا اختتام کیا گیا۔