ایران کی جنگی مشقیں: ممکنہ حملہ اس ہفتے متوقع، ہم بھی تیار ہیں، پینٹاگون

واشنگٹن (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) پینٹاگون نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کے حالات نہایت گھمبیر ہیں اور ایسے میں ایران کی طرف سے کسی ممکنہ حملے کے لئے بھی ہم تیار ہیں۔ ترجمان پیٹ رائڈر نے پریس کانفرنس میںکہا کہ رواں ہفتے ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ خارج از امکان نہیں۔ ڈپلومیسی کے لئے کوئی بھی وقت تاخیر شمار نہیں ہوتا۔ امید ہے کہ ہمیں اپنی جنگی صلاحیتیں استعمال کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ لیکن اگر ہمیں اسرائیل کے دفاع کیلئے جنگ کرنا پڑی تو ہم جنگ کریں گے"۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگر غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا تو ایران، اسرائیل پر حملے سے پیچھے ہٹ سکتا ہے۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے امن معاہدے تک پہنچنے کا عمل پیچیدہ ہوجائے گا۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ جنگی مشقیں اسرائیلی حملے کا جواب دینے کی تیاری کیلئے کی جا رہی ہیں۔ جنگی مشقوں میں ایرانی بحریہ، فوجی دستے بھی شامل ہیں۔ ایرانی بحری و بری فوج کیلئے جنگی مشقیں صوبے گیلان میں کی گئیں۔امریکہ نے اسرائیل کو 20 ارب ڈالر سے زائد کے نئے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی۔ جوبائیڈن انتظامیہ نے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنان کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کے دباؤ کے باوجود یہ اقدام اٹھایا۔ یہ ہتھیار اسرائیل پہنچنے میں کئی برس لگیں گے۔محکمہ خارجہ نے کانگریس کو ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ اسرائیل کو 18 ارب ڈالر 82 کروڑ ڈالر کے عوض ایف 15 کے 50 لڑاکا طیاروں کی فروخت کی منظوری دی ہے۔ اسرائیل تقریباً 33 ہزار ٹینک کارتوس، 50 ہزار تک دھماکہ خیز مارٹر کارتوس اور نئی فوجی کارگو گاڑیاں بھی خریدے گا۔ ایف 15 طیاروں کی فراہمی 2029ء میں شروع ہو جائے گی۔ امریکہ اسرائیل کے موجودہ بیڑے کو اپ گریڈ کرے گا اور اس میں راڈار اور محفوظ مواصلاتی آلات شامل ہوں گے۔ امریکی کانگریس ہتھیاروں کی فروخت کو روک سکتی ہے لیکن ایسا عمل مشکل ہے۔ ادھر قطر نے کہا ہے کہ وہ بھی حماس کو غزہ میں جنگ بندی کیلئے اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں شریک ہونے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقام پر نئی بستی کے قیام کی منظوری دے دی۔ وزارت دفاع میں شہری امور کے سربراہ بزالیل سموترچ نے کہا کہ ان کے دفتر نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے اور گش ایتزیون میں نہال بیلیٹز کی نئی بستی کیلئے ایک منصوبہ شائع کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن