اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی حکومت نے اوور دی ٹاپ سروسز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے فریم ورک پر کام تیز کردیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی، او ٹی ٹی ریگولیٹری فریم ورک کو اتھارٹی سے منظوری کے بعد وفاقی کابینہ سے منظور کرایا جائے گا۔ فریم ورک کے تحت ٹوئٹر، فیس بک، لنکڈ ان، آن لائن گیمنگ اور ای کامرس میڈیا ڈیجیٹل سروسز کو بھی پی ٹی اے اور پیمرا مل کر ریگولیٹ کریں گے۔ دستاویز کے مطابق او ٹی ٹی سروسز کو 3 گیٹگریز میں تقسیم کیا جائے گا، کمیونیکیشن سروسز، ایپلی کیشن سروسز اور میڈیا سروسز کو الگ الگ کیٹیگری بنایا جائے گا، کمیونیکیشن سروسز کو لائسنس اور رجسٹریشن کروانا لازم ہوگی۔ ذرائع کے مطابق کمیونیکیشن سروسز میں واٹس ایپ، فیس بک میسنجر، ایمو، سکائپ، وائبر سمیت تمام کمیونیکیشن کے پلیٹ فارم شامل ہوں گے۔ ایپلی کیشن سروسز میں فیس بک، ایکس، ای سروسز، ای کامرس، گیمنگ اور لنکڈ ان جیسی سروسز شامل ہوں گی۔ میڈیا سروسز کو مزید دو کیٹگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔ نان براڈ کاسٹنگ سروسز میں یو ٹیوب، نیٹ فلیکس، سپاٹیفائی اور وی او ڈی جیسے فورمز شامل ہیں۔ براڈ کاسٹنگ سروس میں پاکستان میں چلنے والے چینلز کے سوشل میڈیا فورمز شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تمام ریگولیشن فریم ورک کو پیکا ایکٹ 2016، پیمرا آرڈیننس 2002 اور پی ٹی اے ایکٹ 1996 کے تحت ترتیب دی جائیں گی۔