صدر ‘محسن نقوی کا  جنوبی وزیرستان میں شہید 4  ایف سی اہلکاروں کو خراج عقیدت 

وانا+ اسلام آباد (این این آئی+خبر نگار) جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا اور تیازا کے درمیان موجود چیک پوائنٹ مامی خیل پر دہشت گردوں کی جانب سے آر پی جیز اور بھاری اسلحے سے حملہ کیا گیا تھا۔ سکیورٹی چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں کی بروقت جوابی کارروائی اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔ دہشت گردوں سے جھڑپ میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں میں حوالدار نثار بدا خیل، لانس نائیک رشید منگل، لانس نائیک عرفان اور سپاہی عثمان گجر شامل تھے۔ 27 اہلکار زخمی ہوئے، علاقہ میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 4 سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوںسے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا خوارج کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والے سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔ یوم آزادی پر وطن عزیز کے امن کے لئے قیمتی جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک دشمن شر پسند عناصر ملک میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں، سکیورٹی فورسز خوارج سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہداء حوالدار نثار حسین، نائک رشید گل، نائک عرفان اللہ خان اور سپاہی عثمان رفاقت قوم کا فخر ہیں۔ سردار ایاز صادق نے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔زرداری نے جنوبی وزیرستان میں چار جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ صدر نے شہداء کیلئے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن