کلکتہ(آئی این پی) کلکتہ کے اسپتال سے وابستہ ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا،بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 31سالہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج کے کمرے سے ملی،ڈاکٹرز کا بتانا ہے کہ پوسٹ مارٹم میں خاتون ڈاکٹر سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول ڈاکٹر کے اہلخانہ نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ نے انہیں 3گھنٹے تک اسپتال کے باہر روکا اور کہا گیا کہ ٹرینی ڈاکٹر نے خود کشی کی ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور لڑکی کے قتل کے شبہ میں ایک پولیس رضاکار کو حراست میں لیا گیا ہے،دوسری جانب خاتون ٹرینی ڈاکٹر سے زیادتی اور قتل کے واقعے کے خلاف پورے بھارت میں احتجاج شروع ہوگیا ہے، واقعے کے خلاف کلکتہ میں ہزاروں ڈاکٹرز نے احتجاج کیا، ریاست مہاراشٹرا کے 8ہزار سے زائد سرکاری ڈاکٹروں نے میڈیکل سروسز کا بائیکاٹ کیا، اسپتالوں میں صرف ایمرجنسی کا شعبہ فعال ہے،بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی ڈاکٹرز نے احتجاج کیا اور ایک سرکاری اسپتال کے باہر دھرنا دیا،اس کے علاوہ لکھنو، اتر پردیش اور گوا میں بھی ڈاکٹروں نے احتجاج کیا اور مقتول خاتون ڈاکٹر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
بھارت میں خاتون ٹرینی ڈاکٹر زیادتی کے بعد قتل، ڈاکٹرز ہسپتال چھوڑ کر سڑکوں پر آگئے
Aug 15, 2024