واشنگٹن(آئی این پی)امریکی فوج کی خفیہ ایجنسی میں ایک تجزیہ کار نے اس بات کا اقرار کرلیا ہے کہ اس نے حساس دفاعی معلومات چین کو فراہم کی ہیں جن میں ہتھیاروں کے نظام اور فوجی حکمت عملی سے متعلق امریکی دستاویزات شامل ہیں، ترک میڈیا کے مطابق اعلی سطح کی سیکورٹی کلیئرنس کے حامل سارجنٹ کوربن شولز کو رواں سال مارچ میں کینٹاکی اور ٹینیسی کے درمیان سرحد پر واقع فوجی اڈے فورٹ کیمبل سے گرفتار کیا گیا تھا،شولز نے قومی دفاعی معلومات حاصل کر کے اسے اِفشا کرنے سے متعلق الزامات میں اپنے قصور کا اعتراف کر لیا ہے ،عدالتی دستاویزات کے مطابق شولز نے حساس نوعیت کے درجنوں امریکی فوجی دستاویزات ہانگ کانگ میں رہنے والے ایک شخص کو فراہم کی تھیں جس کے بارے میں شولز کا خیال ہے کہ وہ چین کی حکومت کے ساتھ منسلک ہے،امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ یہ معلومات فراہم کرنے کے عوض امریکی فوجی کو 42ہزار ڈالر ملے،افشا کی جانے والی دستاویزات میں چینی فوجی تدابیراوراستعداد کے علاوہ جنوبی کوریا اور فلپائن میں جاری امریکی فوج کی عسکری مشقوں کو زیر بحث لایا گیا ہے،علاوہ ازیں ، ایچ ایچ60ہیلی کاپٹر، ایف 22 اے لڑاکا طیارے،یو 2جاسوس طیارے اور میزائل نظاموں کے متعلق دستاویزات بھی شامل ہیں۔
چین کیلئے جاسوسی،امریکی فوجی نے اعترافِ جرم کرلیا
Aug 15, 2024