ریاض (نوائے وقت رپورٹ) خالد بن محسن کو دنیا کا سب سے موٹا حیات فرد قرار دیا جاتا تھا جو اب 542 کلو گرام وزن کم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ وزن بہت زیادہ بڑھ جانے کے باعث وہ 3 سال سے زائد عرصے تک بستر تک محدود رہا۔ وہ دنیا میں اب تک کا دوسرا سب سے زیادہ موٹا شخص رہا ہے۔ اس کی حالت اتنی زیادہ خراب ہوگئی تھی کہ وہ گھر والوں اور دوستوں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوگیا تھا۔ اس وقت کے سعودی بادشاہ شاہ عبداللہ نے اس کی زندگی بچانے والا منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا۔ جس نے خالد بن محسن کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ خالد بن محسن کو جازان میں واقع گھر سے فورک لفٹ کے ذریعے ریاض کے کنگ فہد میڈیکل سٹی میں منتقل کیا گیا جہاں 30 طبی ماہرین کی ٹیم نے خالد بن محسن کے علاج کا پلان تیار کیا جو گیسٹرک بائی پاس سرجری، خصوصی غذا اور ورزش پر مبنی تھا۔ محض 6 ماہ میں خالد بن محسن کے جسمانی وزن میں 50 فیصد کمی آئی اور 2023ء تک اس کا وزن محض 63.5 کلوگرام رہ گیا ہے۔
دنیا کے بھاری بھرکم ترین شخص نے موٹاپے کو شکست دے دی‘ وزن 610 سے صرف 63 کلو گرام پر لے آیا
Aug 15, 2024