سیہون (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے ضلع جامشورو کے شہر سیہون میں زہریلا کھانا کھانے سے کمسن بہن بھائی جاں بحق جبکہ چار افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ سیہون میں کھوسہ محلہ کے خاندان کے چھ افراد کی زہریلا کھانا کھانے سے حالت غیر ہو گئی، جنہیں تشویشناک حالت میں ڈاکٹر سید عبداللہ شاہ ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن دوران علاج متاثرہ خاندان کے دو بچوں نے دم توڑ دیا، جن میں دو سالہ ذیشان اور چھ سالہ ثانیہ چندہ شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان کے چار افراد کو ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا جن میں سے ایک بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر میں کھانے میں کوئی چیز گر گئی تھی جس کے کھانے سے ان کی حالت خراب ہوئی۔
سیہون میں زہریلا کھانا کھانے سے 2 کمسن بہن بھائی جاں بحق
Aug 15, 2024