اسلام آباد: غیر ملکی خاتون سے زیادتی، ایک ملزم گرفتار 

Aug 15, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ آبپارہ کے علاقے میں ایک غیر ملکی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ہاتھ پاؤں باندھ کر سیکٹر جی سکس میں پھینک دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی، پولیس نے واقعہ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کہا کہ 28 سالہ غیر ملکی خاتون سلوائی سٹینا (بیلجیئم) نے بتایا کہ وہ چھ ماہ سے اسلام آباد میں ہیں، انہیں دو افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا، غیر ملکی خاتون اپنے موبائل فون اور سفری دستاویزات کے بارے میں پولیس کو کچھ نہ بتا سکیں جس پر پولیس نے کہا کہ آپ بالکل محفوظ جگہ پر ہیں، ہم آپ کے سفارتخانہ سے بھی رابطہ کریں گے۔ پولیس نے غیر ملکی خاتون کا میڈیکل چیک اپ بھی کرایا، خاتون نے پولیس کو آگاہ کیا کہ ملزم تمیزالدین نے ان کے ہاتھ پاؤں باندھے، خاتون کی نشاندہی پر پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ آبپارہ پولیس نے غیر ملکی خاتون کے کاغذات کی برآمدگی کیلئے ملزم کے گھر کی تلاشی لینے کا بھی فیصلہ کیا۔

مزیدخبریں