اسلام آباد (خبرنگار) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کو باہر کے نہیں اپنے اندر کے دشمن سے خطرہ ہے۔ 14 اگست کے حوالے سے کانفرنس بلائی جانی تھی، تمام رہنما مختلف شہروں میں مصروف ہیں، اس لیے کانفرنس نہ ہو سکی۔ انسانی زندگی میں سب سے بڑی نعمت آزادی ہے۔ ہم حق حکمرانی چاہتے ہیں لیکن یہ حق نیچے تک لوگوں کو نہیں دیا گیا۔ سوال یہ کہ انگریزوں کو نکالنے کی کیوں کوشش کی گئی؟ حکمرانی کا مطلب اگر سڑکیں نالیاں بنانا ہیں تو انگریز بہت اچھا کام کر رہے تھے۔ محمود خان اچکزئی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان، آئین اور پارلیمنٹ ہمارے لیے سب سے مقدم ہے۔ سندھ کی جماعتیں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر بھی کرپشن ہو گئی ہے۔ پارٹیوں میں بھی چندے کے نام پر پیسے دئیے جاتے ہیں، پوچھتا ہوں کیا 700 روپے دیہاڑی میں مزدور گھر چلا سکتا ہے؟ اس موقع پر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان اس وقت بھی حقیقی آزادی کے تصور سے محروم ہے۔ پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی کیلیے کاوشیں ضروری ہیں۔