دنیا   میں منکی پاکس، زیکا وائرس کا پھیلاؤ، پاکستان آنے والوں کی نگرانی شروع  

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے دنیا بھر میں منکی پاکس کے بڑھتے کیسز اور بھارت میں زیکا وائرس کے پھیلاؤکے بعد بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ جاری کر دیا۔ این سی او سی حکام نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کی نگرانی کی جائے، منکی پاکس کے مشتبہ مریضوں کو خصوصی وارڈز میں قرنطینہ کیا جائے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں اب تک منکی پاکس کے 9 کیس سامنے آئے اور ایک ہلاکت ہو چکی۔ پاکستان میں منکی پاکس کے سارے مریض عرب ممالک سے آئے تاہم ملک میں منکی پاکس کی بیماری مقامی طور پر موجود نہیں۔ این سی او سی کا بتانا ہے کہ بھارتی شہر پونے میں زیکا وائرس کے 80 سے زائد کیس اورکئی ہلاکتیں ہو چکیں جب کہ پاکستان میں زیکا وائرس پھیلانے والا مچھر موجود ہے۔ آغا خان یونیورسٹی کے مطابق 2021ء اور 2022ء میں کراچی میں زیکا وائرس کی موجودگی کنفرم ہوئی۔ افریقی یونین نے پورے براعظم میں منکی پاکس کے پھیلنے کو صحت عامہ کی ایمرجنسی قرار دے دیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن