لاہور(نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم آزادی کی مناسبت سے ریلیاں اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ 4لیک روڈ چوبرجی چوک میں آزادی مارچ کا انعقاد کیا گیاجس میں کارکنوں سمیت تمام مکاتب فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر 5500 فٹ لمبا پرچم بھی لہرایا گیا۔ آزادی مارچ میں مرکزی صدر خالد مسعود سندھو، چوہدری محمد سرور، تابش قیوم ،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، انجینئر حارث ڈار، شیخ نعیم بادشاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔خالد مسعود سندھو نے اپنے خطاب میںکہا کہ مرکزی مسلم لیگ ملک و قوم کو لاقانونیت اشرافیہ اور آئی ایم ایف سے نجات دلاکرملکی خودمختاری اورخودانحصاری کیلئے مشترکہ قومی مشن بنا رہی ہے۔ ہمارا حکومت پاکستان سے مطالبہ ہے کہ ملک میں کرپشن، آئی پی پیز جیسے چیلنجز سے نبٹنے کیلئے جلد نیشنل ڈائیلاگ کا اہتمام کیا جائے۔ علاوہ ازیںبزم نعیمیہ کے زیراہتمام جشن آزادی استحکام پاکستان ریلی کی قیادت مفتی ڈاکٹرسلیمان قادری، مفتی ندیم قمر،مفتی عمرا ن حنفی ،صاحبزداہ محمدعبداللہ نعیمی نے کی۔ ریلی کا آغاز جامعہ نعیمیہ سے ہوا اور لاہورپریس کلب جاکر اختتام پذیر ہوئی۔ڈاکٹرسلیمان قادری شرکاء سے خطاب کرتے کہاپاکستان ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد ملا ہے۔یہ ارض پاک قائد اعظم کی محنت اورڈاکٹر علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے ۔مفتی ندیم قمرنے کہا ہمیں آج عزم کرنا ہوگا کہ آپسی رنجشوں کو مٹا کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں۔ ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن واستحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔