فیض حمید، بانی پی ٹی آئی سمیت اور لوگ بھی 9 مئی واقعات میں ملوث تھے: خواجہ آصف 

Aug 15, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا  فیض حمید کا سیاست میں کردار رہا ہے۔ جنرل (ر) باجوہ بانی پی ٹی آئی کا سیاسی گاڈ فادر،  فیض حمید سیاسی چچا تھے۔ 9 مئی واقعات میں فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی سمیت اور بھی لوگ ملوث تھے۔ میرے علم کے مطابق 9 مئی کو ٹارگٹ دیئے گئے تھے۔ ایسا نہیں کہ لوگ خود گئے تھے۔ جنرل (ر) باجوہ اور فیض حمید نے پاور انجوائے کی۔ جنرل (ر) باجوہ نے فیض حمید کو فری ہینڈ دیا۔ منشیات کے عادی کو جب نشہ نہ ملے تو اس کو تروڑک ہوتی ہے، جبکہ پاور کے عادی کو بھی تروڑک ہوتی ہے۔ فیض، جنرل (ر) باجوہ اور بانی پی ٹی آئی کو تروڑک ہوتی رہی۔ ان کے ٹرائی اینگل میں سب کچھ غرق ہو گیا۔ بانی پی ٹی آئی سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھنا توہین سمجھتے ہیں۔ ان کے دور میں طالبان کو لا کر ملک میں بسایا گیا۔ بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سازش کرتے رہے۔ بانی پی ٹی آئی کی سیاسی مائی باپ اسٹیبلشمنٹ رہی ہے۔ ان کے سیاسی مائی باپ ملک کے باہر بھی ہیں۔ اگر ان کی سازش کامیاب ہو جاتی تو ملک کا بہت نقصان ہوتا۔ پارلیمنٹ کا کام قانون سازی کرنا ہے۔ عدالت کا کام ان قوانین پر عملدرآمد کرانا ہے۔

مزیدخبریں