احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پائونڈز کیس کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔جمعرات کو ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی۔اس موقع پر وکلا صفائی کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی گئی، انہوں نے کہا کہ عدالت نے نیب کی بورڈ میٹنگ سے متعلق جو ہماری درخواست خارج کردی ہے اس کی مصدقہ نقول ہمیں فراہم نہیں کی گئی، مزید بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہمارے متعدد کیسز لگے ہیں لہذا سماعت ملتوی کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے وکلا صفائی کو گزشتہ سماعت کے آرڈر کی مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔سماعت کے دوران بشریٰ بی بی روسٹرم پر آگئیں، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے نئے توشہ خانہ کیس میں مجھے سوال نامہ دیا تھا لیکن جیل حکام میرے کمرے سے سارے کاغذات اٹھا کر لے گئے ہیں، میں نیب کے سوال نامے کا جواب تیار کررہی تھی، نیب والے پھر کہتے ہیں یہ شامل تفتیش نہیں ہورہے۔اسی کے ساتھ عدالت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو نیب کے کاغذات بشریٰ بی بی کو واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
190 ملین پائونڈز کیس:بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کیخلاف سماعت 17 اگست تک ملتوی
Aug 15, 2024 | 16:16