گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا ہے. تاہم اب تک پارٹی کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔
سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد جو طویل عرصہ سیاست سے دور گمنامی میں رہے۔ اب ان کی نہ صرف سیاست میں واپسی ہوگئی ہے .بلکہ انہوں نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا بھی اعلان کر دیا ہے. تاہم انہوں نے پارٹی کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔حالیہ کچھ دنوں سے ڈاکٹر عشرت العباد سیاسی طور پر کافی سرگرم ہیں اور ان کا سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جشن آزادی کے موقع پر ان کے گمنام سیاسی جماعت کی جانب سے کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔سابق گورنر سندھ نے اب تک جن سیاستدانوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان، مخدوم جمیل الزمان، شیر افضل مروت ودیگر شامل ہیں۔حال ہی میں کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لیے کرپشن کے خلاف کڑا احتساب کرنا ہوگا۔ گورننس ناکام ہوجائے، تو صورتحال کوئی بھی رُخ اختیار کر سکتی ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد نےنجی نیوز میں شرکت کی اور بتایا کہ وہ سندھ، پنجاب، کے پی، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمر سمیت پورے ملک میں رابطے ہیں۔ بہت اچھے اچھے لوگ رابطے میں ہیں، جلد اعلان کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 14 سالہ سندھ کے لیے خدمات انجام دیں اور اب اس خدمت کا دائرہ پورے ملک تک وسیع کرنا چاہتا ہوں۔ سیاست میں طویل عرصہ خاموش رہا. لیکن رابطے پھر بھی سب سے تھے۔ لوگوں میں مایوسی پائی جاتی ہے ہمیں اس مایوسی کو دور کرنا ہے۔ سیاسی تنہائی اب صرف کراچی یا سندھ کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ بن چکا ہے۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کو بحران اور عوام کو مایوسی سے نکالنے کے لیے وہ اپنی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں اور اسی کے مطابق چل رہے ہیں۔ ریلیاں لوگوں کے لیے سرپرائز ہیں۔ میں زمینی حقائق کے مطابق اور عوام سے جڑے رہتے ہوئے فیصلے کروں گا۔اس موقع پر انہوں نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی فتح ہمارے لیے فخر کا مقام ہے۔