پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر اور لاہور کے صدر چوہدری اصغر عہدوں سے مستعفی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر  حماد  اظہر  نے عہدے  سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ایک بیان میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اُن کی بانی پی ٹی آئی عمران خان  تک رسائی نہیں ہے، انہوں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی، اُن کی نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اور  وہ اڈیالہ نہیں جاسکتے۔حماد اظہر نےکہا کہ پنجاب کی تنظیم میں بہت سارے ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ تو اُن کی رائے شامل تھی اور نہ ہی رضامندی، اکثر فیصلے ایسے  بھی تھے جن پر میرٹ کے بجائے لابنگ اور بانی پی ٹی آئی تک محدود رسائی اور  یکطرفہ معلومات پہنچائی گئیں، کافی عرصے  سے لابنگ جاری تھی کی لاہور کے صدر چوہدری اصغرکو  بدلا جائے، آج وہ کامیاب ہوگئے اور خان صاحب کو غلط حقائق دے کر ہدایت حاصل کرلی۔ان کا کہنا تھا کہ  پارٹی قیادت بھی مجھ سےمتفق ہےکہ ایسےفیصلے صرف اور صرف خان صاحب تک محدود رسائی کا نتیجہ ہیں،کچھ ریجنز میں ہمارے  رہنما بہت پریشان ہیں لیکن خان صاحب تک اطلاع نہیں، ایسی صورت میں مفاد پرست رابطے کے فقدان کا فائدہ اٹھاتے ہیں، بڑی تنظیمی ذمہ داری صرف ان لوگوں کے پاس ہونی چاہیے جن کی پارٹی لیڈر تک رسائی ہو، میں بانی پی ٹی آئی کا ایک کارکن تھا اور رہوں گا۔دوسری جانب  تحریک انصاف لاہور کے صدر  چوہدری اصغر گجر نے بھی پارٹی صدارت چھوڑ دی۔ ان کے ساتھ  پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان رشید بھی مستعفی ہوگئے۔چوہدری اصغر گجر کا کہنا ہے کہ  بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جدوجہد میں ساتھ دینے پرکارکنوں کا مشکور ہوں، امید ہےکہ آنے والا صدر مجھ سے بھی بہتر جدوجہد کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن