دہلی( اے ایف پی)بھارت کے مشرقی صوبے مغربی بنگال میں ایک علیحدہ گورکھا صوبے کے قیام کے مطالبے پر چار دن کی ہڑتال شروع ہو گئی ہے ۔ علیحدہ گورکھا ریاست کے مطالبے پر سینکڑوں گورکھا افراد غیرمعینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال بھی کر رہے ہیں۔ ہڑتال کے موقع پر دارجلنگ کے پہاڑی علاقے میں بس سروس ٹھپ ہے۔ دکانیں اور بازار بند ہیں جبکہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کا حاضری نہ کے برابر ہے۔ ایک علیحدہ گورکھا صوبے کے قیام کیلئے تحریک چلا رہے گورکھا جن مکتی مورچہ کے سربراہ بمل گورنگ کا کہنا ہے ”علیحدہ ریاست کا ہمارا مطالبہ تیلنگانہ سے بھی پرانا ہے۔ یہ ہماری آخری لڑائی ہے۔ ہمیں گورکھا لینڈ حاصل کرنا ہے۔ ہم مغربی بنگال میں نہیں رہ سکتے کیونکہ ہم ان سے الگ ہیں“ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں حیدرآباد میں علیحدہ ریاست تیلنگانہ کے مطالبے پر تیلنگانہ راشٹری سمیتی کے سربراہ چندرشیکھر را¶ نے غیرمعینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال کی تھی اور ان کی ہڑتال کے گیارہویں دن مرکزی حکومت نے علیحدہ تیلنگانہ ریاست کے قیام کی منظوری دیدی تھی۔ ادھر بھارتی حکومت نے اکیس دسمبر کو ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں مرکزی حکومت اور مغربی بنگال کی حکومت کے نمائندوں کے علاوہ گورکھا جن مکتی مورچہ کے نمائندگان بھی شامل ہونگے۔