اسلام آباد (ریڈیو نیوز) حج سکینڈل کیس کی تحقیقات کرنیوالے وفاقی تحقیقاتی ادارے، ایف آئی اے نے برطرف وزیرحامد سعیدکاظمی کیخلاف دو ثبوت حاصل کرنے کے بعد ان کے بنک اکاونٹس منجمد کرا دیئے ہیں، ایف آئی اے نے ان کی گرفتاری کیلئے وزیر اعظم کو پہلے ہی خط لکھ کر اجازت مانگ رکھی ہے جبکہ حامد سعید کاظمی اورراو شکیل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر لیاگیا ہے۔ ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ ایف آئی اے کو حامدسعید کاظمی کے خلاف جو دو ثبوت ملے ہیں ان میں برطرف وزیر کے مبینہ بھانجے کی ٹیلی فونک گفتگو کا ریکارڈ بھی شامل ہے ، یہ گفتگو ایک ٹریول ایجنٹ کے ساتھ ہوئی جس میں حامد کاظمی کا مبینہ بھانجا، اضافی رقم کا تقاضا بھی کررہا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے حال ہی میں وزارت داخلہ کے ذریعے وزیراعظم کو ایک خط میں کہا تھا کہ حج سکینڈل کی تحقیقات کے لئے حامدسعید کاظمی کی گرفتاری ضروری ہے۔ایف آئی اے نے حج سکینڈل کی تحقیقات میں عوام سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کی خاطر عوام سے تعاون کی اپیل کا ایک اشتہار بھی شائع کیا جائے گا۔واضح رہے کہ حامد سعید کاظمی1986ءمیں انکم ٹیکس آفس ملتان میں ریکارڈ کیپر تھے جبکہ سابق سیکرٹری سرور قزلباش بھی1986ءمیں انکم ٹیکس ملتان میں سینئر افسر تھے۔ ادھر حامد سعید کاظمی کے لیٹر پیڈز بھی قبضے میں لئے گئے ہیں۔ من پسند ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ دینے کےلئے استعمال ہوئے لیٹر پیڈز پر حامد سعید کاظمی کے دستخط نہیں ہیں لیکن ایف آئی اے نے تصدیق کی ہے کہ یہ لیٹر پیڈز وزارت مذہبی امور سے جاری ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق سابق سیکرٹری مذہبی امور آغا سرور رضا قزلباش کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔ دریں اثنا ءوفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ برطرف وزراءکے اثاثے منجمد اور نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا علم نہیں، حج میں تمام کرپشن سعودی عرب میں ہوئی، ایف آئی اے کی تین رکنی ٹیم سعودی عرب جائے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جن افسران کی نشاندہی ہوئی ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔