”لیپ ٹاپ سکیم میں کرپشن نہیں ہوئی“ پنجاب حکومت کا جواب ہائیکورٹ میں داخل

Dec 15, 2012

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائی کورٹ کے جسٹس محمد خالد محمود خان نے حکومت پنجاب کی جانب سے لیپ ٹاپ سکیم میں مبینہ کرپشن کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 21دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔ گذشتہ روز دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے عدالت کے روبرو جواب داخل کرایا گیا جس میں انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم اور اس کی خریداری میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اخبارات میں اشتہارات شائع کرانے کے بعد کم سے کم بولی لگانے والے سے خریدے گئے اس لئے لیپ ٹاپ کا مارکیٹ ریٹ اور خریداری کی قیمت غیر متعلقہ ہیں لیپ ٹاپ کی خریداری اور تقسیم میں کسی قسم کی مالی بد عنوانی یا انتظامی بے ضابطگی نہیں ہوئی اور نہ ہی بنیادی حقوق کے خلاف ورزی کی گئی۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم میں مبینہ مالی بدعنوانی کے خلاف درخواست پیپلز لائرز فورم لاہور کے صدر میاں شاہد عباس نے دائر کر رکھی ہے۔

مزیدخبریں