وا شنگٹن (نمائندہ خصوصی+آن لائن) امریکی سفیر سوزن رائس امریکی وزیر خارجہ کی دوڑ سے دستبردار ہو گئیں۔اقوام متحدہ میں تعنیات امریکی سفیر سوزن رائس کا کہنا ہے کہ بن غازی حملے پر ان کے تاثرات پر ہونے والی تنقید کی وجہ سے وہ امریکی وزیر خارجہ کی دوڑ سے دستبردار ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں یقین ہے کہ وہ وزیر بن کر اپنے ملک کی خدمت کر سکتی تھیں تاہم نامزدگی کا عمل بہت مشکل اور مہنگا ہے۔ سوزن رائس نے صدر اوباما کو خط لکھ کردستبرداری سے آگاہ کیا۔ صدراوباما نے ان کا موقف مانتے ہو ئے کہا کہ سوزن رائس اقوام متحدہ میں امریکی سفیرکے عہدے پربرقراررہیں گی۔ ادھر سوزن رائس کے وزیر خارجہ کی دوڑ سے دستبردار ی کے بعدسینیٹر جان کیری کے نئے وزیربننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔سوزن رائس نے اوباما کو خط میں لکھاہے کہ اگر وہ وزیر خارجہ نامزد ہوئیں تو بن غازی واقعے پر دیئے گئے بیان پر انتظامیہ کی جانب سے سوالات اور ان کی تصدیق کا عمل بڑا طویل، انتشار پھیلانے والا اور مہنگا پڑےگا، اس سے صدر اور امریکہ کی قومی اور بین الاقوامی ترجیحات بھی متاثر ہوں گی، یہ ملک کیلئے مسائل پیداکرنے کاسبب بن سکتی ہیں اس لئے وہ درخواست کرتی ہیں کہ انہیں وزیر خارجہ نامزد نہ کیاجائے۔