آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں: گورنر


لاہور (خبر نگار) گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ سے امریکی قانونی ماہرین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر نے شرکاءکو وفاقی اور صوبائی حکومت کے ڈھانچے اور انتظامی و قانونی معاملات کے بارے میں مروجہ طریقہ کار سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے، آزاد عدلیہ ہے، ججوں کی تقرری کے طریقہ کار کو بھی شفاف بنایا گیا ہے۔ زرداری کی سیاسی بصیرت کی بدولت موجودہ حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے، آئندہ انتخابات کے طریقہ کار کو صاف اور شفاف بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، پاکستان اس وقت معاشی طور پر خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ہے، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں اور آرمی چیف کا کردار قابل ستائش ہے، افغانستان میں اَمن کے بغیر خطے میں اَمن کا خواب نہیں دیکھا جا سکتا۔ وفد کے سربراہ مسٹر مارک تشنٹ نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستان کا جمہوری نظام مضبوط ہو چکا ہے، امریکہ اور پاکستان کے درمیان روابط وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔ علاوہ ازیں گورنر سے گرین ٹاﺅن کے معززین کے وفد نے محمد ریاض کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں محمد یعقوب، محمد اسلم، محمداکرم کے علاوہ پادری ظفر ڈینیل، ڈاکٹر سجیل داس اور میتھاس اے خان بھی شامل تھے۔ ملاقات میں خرم لطیف کھوسہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے کبھی آپ کو اقلیت نہیں سمجھا آپ بھی ہمارے بھائی اورپاکستانی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن