بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے خلاف دفاع پاکستان کارواں کل واہگہ جائے گا


لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینے کے خلاف کل 16 دسمبر اتوار کو مسجد شہداءمال روڈ سے واہگہ تک دفاع پاکستان کارواں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ ہزاروں گاڑیوں، بسوں، کاروں، ویگنوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار لاکھوں افراد کے شرکا کا یہ کاررواں صبح 11 بجے مسجد شہداءمال روڈ سے روانہ ہو گا۔ دفاع پاکستان کونسل میں شامل مذہبی، سیاسی و سماجی تنظیموں، طلبا، وکلا اور تاجر رہنماﺅں کی قیادت میں قافلے مسجد شہداءپہنچیں گے۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سید منور حسن، جنرل (ر) حمید گل، مولانا محمد احمد لدھیانوی، شیخ رشید احمد و دیگر قائدین کے مختصر خطابات بھی ہوں گے۔ تین ہزار سے زائد جماعة الدعوة کے رضاکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سب سے آگے موٹر سائیکلوں پر سکیورٹی رضاکار، پیچھے ایک ٹرک ہو گا جس کے پیچھے قائدین کی گاڑیاں ہوں گی۔ دفاع پاکستان کارواں مسجد شہداءسے ریلوے سٹیشن اور پھر وہاں سے براستہ گڑھی شاہو، جی ٹی روڈ باغبانپورہ سے ہوتا ہوا واہگہ پہنچے گا جہاں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔ راستے میں استقبالی کیمپ لگ گئے۔ دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے اہالیان لاہور سے اپیل کی ہے کہ وہ 1965ءکے جذبہ سے گھروں سے نکلیں اور دفاع پاکستان کارواں میں بھرپور انداز میں شرکت کریں تاکہ بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادیوں کو پیغام دیا جا سکے کہ پاکستانی قوم بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کے ناپسندیدہ فیصلے کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن