لاہور (سپورٹس رپورٹر) نیشنل گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل پی آئی اے نے جیت لیا۔ فائنل میں پی آئی اے نے نیشنل بنک کو مات دی اس سے قبل تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے جانے والے میچ میں کسٹمز نے آرمی کے خلاف کامیابی حاصل کر کے وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کی۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی گراونڈ نمبر دو میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا فائنل پی آئی اے اور نیشنل بنک کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پی آئی اے نے چار دو سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ایم زبیر، کاشف علی، عمران عباس اور عنایت اﷲ نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ نیشنل بنک کی جانب سے اختر علی نے دو گول کیے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں فاتح کسٹمز کی جانب سے اویس نے دو جبکہ وسیم عباس نے ایک گول سکور کیا۔ آرمی کی جانب سے سفیر اور شاہد علی نے ایک ایک گول کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاءتھے جنہوں نے فاتح ٹیم کو 25 ہزار روپے نقد کے ساتھ ٹرافی انعام میں دی، رنر اپ ٹیم کو 20 ہزار اور ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی کسٹمز کی ٹیم کو 15 ہزار روپے نقد اور ٹرافی دی گئی۔ سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ، اقبال قاسم سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ و سپورٹس انچارج نیشنل بنک، اولمپئن اختر رسول، ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکرٹری رانا مجاہد سمیت اولمپئنز کی بڑی تعداد موجود تھی۔