لاہور (خبرنگار/ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے سلیمان کی سیکٹر کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان بھی ان کے ساتھ تھے۔ جنرل راحیل شریف نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ملکی دفاع اور استحکام کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے جوانوں کے مورال اور آپریشنل تیاری کے حوالے سے کہا کہ پروفیشنل سٹینڈرڈز بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مسلسل ٹریننگ کی ضرورت ہے۔ بعدازاں چیف آف آرمی سٹاف نے سابقہ جنگوں میں حصہ لینے والے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ آرمی چیف نے شہداء اور نمازیوں کی قربانیوں کو سراہا اور ملکی دفاع میں افسروں اور جوانوں کے شاندار کردار کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ دفاع وطن کیلئے پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور مہارت میں اضافے کا عمل جاری رہیگا۔ فوجی جوان اپنی پیشہ وارانہ مہارتوں میں مزید اضافے پر توجہ دیں، اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیت حاصل کرنے کیلئے مسلسل تربیت کی ضرورت ہے، ملکی سرحدوں کی حفاظت میں فوج کا کردار قابل ستائش ہے۔