سانگلہ ہل (آصف محمود نظامی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جو صارفین بجلی کا بل دینگے انہیں بجلی فراہم کی جائے گی، کنڈا سسٹم کا خاتمہ کر دینگے، بجلی چوری کی روک تھام کیلئے سخت قوانین وضع کئے جائینگے، جن کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے جو جلد پارلیمنٹ میں پیش کر دینگے، بجلی چوری ناقابل ضمانت جرم قرار دیا جائیگا، بجلی بچت کیلئے ریورس میٹرنگ سسٹم متعارف کرائینگے، جس سے فالتو بجلی واپس گرڈ میں چلی جائیگی، وہ وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کے موقع پر نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے، عابد شیر علی نے مزید کہا وزیراعظم میاں نواز شریف کی خصوصی دلچسپی پر بجلی کی پیداوار کو تیل کی بجائے ہائیڈل پر منتقل کر رہے تھے جس سے عوام کو سستی بجلی ملے گی۔ انہوں نے بتایا کے ایس سی 60 فیڈرز میں بجلی چوری پائی جاتی ہے، وہاں 6 ارب روپے ماہانہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے، بلوچستان میں بھی کیسکو کے 15 ہزار قانونی اور 13 ہزار غیر قانونی کنکشن ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کی خصوصی کاوش سے مقامی گرڈ سٹیشن کو 66کے وی سے 132کے وی پر اپ گریڈ کر دیا گیا جس پر 38.50 کروڑ روپے لاگت آئی، جس کا باقاعدہ افتتاح چوہدری برجیس طاہر اور وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے ملک میں بجلی کی پیداوار کو ہائیڈل سسٹم پر منتقل کر کے بجلی کی قیمت کو 3روپے یونٹ کی سطح پر لائینگے، آئندہ 3 سالوں میں بجلی کی قیمتیں بتدریج کم ہونگی، بجلی چلے گی تو ملک کی انڈسٹری چلے گی۔ مسلم لیگ ن اپنے 5 سالہ دور میں لوڈشیڈنگ کے منحوس لفظ کا خاتمہ کر کے بجلی کی پیداوار 50 ہزار میگاواٹ تک لے جائے گی، توانائی بحران کے خاتمے سے بنگلا دیش، ملائشیا اور دوبئی سے سرمایہ کار واپس آئینگے، جلد داسو ڈیم، بھاشا اور بونجی ڈیم بنائینگے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی، چیف ایگزیکٹو لیسکو محمد ارشد رفیق، چیف انجینئر محمد نسیم، چوہدری طارق محمود باجوہ ایم پی اے اور میاں طاہر جمیل ایم پی اے نے بھی خطاب کیا۔ عابد شیر علی نے مزید کہا وزیراعظم میاں نوازشریف نے بجلی کی پیدوار کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا ہے، ہم نیلم جہلم، نندی پور، جامشورو، گڈانی، گڈو جیسے منصوبے شروع کئے ہیں جو 2015 تک مکمل کر لئے جائینگے۔ انہوں نے کہا میاں نواز شریف کی پارٹی میں کوئی سندھی، بلوچی، پنجابی اور پٹھان نہیں بلکہ سب پاکستانی ہیں، بجلی کی فراہمی کے معاملے میں کسی سے کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو گا۔ حکومت پنجاب کی ہدایات پر اینٹی کرپشن ویک کے حوالے سے بدعنوانی کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں سیمینار منعقد ہوا، صدارت پرنسپل شوکت حیات خاں نے کی۔ سیمینار سے وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر، چوہدری طارق محمود باجوہ ایم پی اے، زونل مینجر ٹیوٹا آصف شہزاد بٹ اور ڈسٹرکٹ مینجر محمد طاہر افضل نے خطاب کیا، اس موقع پر میاں اعظم شریف، محمد عمران بوبک، پروفیسر محمد اسماعیل، پروفیسر محمد اسلم باجوہ اور طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی، وفاقی وزیرچوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ کرپشن اور غربت دونوں جڑواں بہنیں ہیں، غربت ختم کئے بغیر کرپشن کا خاتمہ ناممکن ہے۔
بجلی چوری روکنے کیلئے قوانین بنائینگے: عابد شیر‘ قیمت 3 روپے یونٹ پر لائینگے: برجیس طاہر
Dec 15, 2013