نئی دہلی +لدھیانہ (سپورٹس ڈیسک) جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی۔ کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا۔ جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان نویں پوزیشن کیلئے کھیلا جانے والا میچ سنسنی خیز رہا۔ مقررہ وقت تک میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ پاکستان کی طرف سے علی جبکہ بھارت کی طرف سے گرجندر نے گول کیا۔ دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنلٹی سٹروک دئیے گئے جس میں پاکستان چار جبکہ بھارت کی ٹیم دو گول کر سکی۔ پاکستان کی طرف سے عرفان، توثیق، دلبر اور بھٹہ نے گول کئے جبکہ رضوان ناکام رہے۔ بھارت کی طرف سے گرجندر اور تلویندر نے گول کئے۔ کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 39 کے مقابلے میں 48 پوائنٹس سے ہرایا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تاہم آخر پر بازی بھارتی ٹیم کے نام رہی۔ بھارت نے اس سے قبل 2011, 2010ء اور 2012ء کے کبڈی ورلڈکپ بھی جیتے تھے، یہ اس کی مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔ پاکستان تین بار فائنل ہار چکا ہے جبکہ کینیڈا کو ایک بار فائنل میں شکست ہوئی۔ فائنل تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل تھے۔ بھارتی ویمنز ٹیم نے بھی کبڈی ورلڈکپ جیتا جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم نے ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔