لاہور (خبر نگار + خصوصی نامہ نگار) پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ لاہور میں اگر آج حالات خراب ہوئے تو پی ٹی آئی ذمہ دار ہوگی۔تحریک انصاف کی قیادت کو آج ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن سڑکوں پر سفر کرنے والے شہریوں اور کاروبار کرنیوالے تاجروں کے بنیادی حقوق کا تحفظ حکومت کی اوّلین ذمہ داری ہے۔ میٹروبس سروس، تعلیمی ادارے اور دفاتر کھلے رہیں گے۔ عمران خان عدالت عظمیٰ کا فیصلہ پڑھ لیں تو دھرنے ہی نہیں سیاست بھی چھوڑ دیں گے۔ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کی اشتعال انگیزی کے باوجود مسلم لیگی قیادت نے حددرجہ صبر کا مظاہرہ کیا ، دن 10 بجے تک مارکٹیں کھلیں اور سڑکیں رواں تھیں مگر پی ٹی آئی کی طرف سے زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش اور جلا¶ گھیرا¶ کی وجہ سے حالات خراب کئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن برداشت اور حوصلے کا مظاہرہ کریں۔ شرپسندوں سے بچنے کیلئے تمام سیاسی اور تاجرتنظیموں کو اپنا اثرو رسوخ استعمال کرنا ہوگا۔زعیم قادری نے کہا کہ تقاریر میں مذاکرات کا مطالبہ کرنیوالے سڑکیں اور بازار بند کرکے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ مذاکرات کی باتوں کے ساتھ ہڑتال کی کال سے غیریقینی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ عمران خان پذیرائی کے نشے میں مگن ہوکرقوم کو انتشار میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں۔ روز روز کے دھرنوں، جلسے جلوس اور ہڑتالوں سے ملکی معیشت کا پہیہ سست رو ہورہا ہے اور غریب کا چولہا ٹھنڈا ہورہا ہے۔ دریں اثناءاحتجاج کے پیش نظر سرکاری دفاتر میں صبح 8کی بجائے 7 بجے سے کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت نے ہفتہ کے روز سرکاری ملازمین کو ہدایت کی تھی کہ وہ پیر کو اپنے دفاتر 8 کی بجائے ایک گھنٹہ پہلے 7 بجے دفاتر پہنچ جائیں۔ سول سیکرٹریٹ میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین بھی 7 بجے اپنے دفاتر پہنچیں۔ تاہم پنجاب اسمبلی کا آج 3 بجے ہونے والا اجلاس منگل کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ علاوہ ازیں لاہور ائر پورٹ پر سول ایوی ایشن کے عملے کی آج چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ سول ایوی ایشن ملازمین کو ڈیوٹی سے دو گھنٹے پہلے بلا لیا گیا۔ ای ڈی او ایجوکیشن کے مطابق آج تمام سرکاری تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی معمول کے مطابق کھلے گی اور تدریسی عمل جاری رہے گا۔
پنجاب حکومت
میٹرو بس چلے گی، سکول کھلیں گے، حالات خراب ہوئے تو پی ٹی آئی ذمہ دار ہوگی: زعیم قادری
Dec 15, 2014