لاہور (نیٹ نیوز+ آئی این پی + آن لائن) دہشت گردوں نے زمزمہ گیس فیلڈ سے لاہور آنے والی 20 ا نچ کی پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عارف حمید کا کہنا ہے دھماکے سے پنجاب میں انکے سسٹم میں 100 ایم ایم سی ایف ٹی گیس کی کمی آگئی ہے۔ عارف حمید کا کہنا ہے دھماکے سے اڑائی جانیوالی پائپ لائن کی بحالی کا کام سوئی سدرن کی ذمہ داری ہے جبکہ اس کام میں ایک سے 2 دن لگ سکتے ہیں۔ انکا کہنا تھا رات کے وقت مرمت کا کام مشکل ہے، اسلئے یہ کام صبح شروع کیا جائیگا۔ عارف حمید نے مزید کہا ٹیکسٹائل صنعت کو عارضی طور پر گیس بند کی ہے جسے جلد بحال کردیا جائیگا، گھروں اور دوسری صنعتوں کو بھی گیس کے کم پریشر کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔ آئی این پی کے مطابق زمزمہ گیس فیلڈ اچانک بند ہونے سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی رک گئی۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی بند کردی۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے ذرائع نے بتایا جب تک زمزمہ گیس فیلڈ میں اچانک خرابی کی وجہ معلوم نہیں ہوتی اور خرابی دور نہیں کردی جاتی اسوقت تک پنجاب میں ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ آئی این پی کے مطابق سوئی کے علاقے گوپٹ میں دہشت گردوں نے 20 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکہ سے سندھ کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ آن لائن کے مطابق کالعدم تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی نے سوئی کے علاقے میں کراچی کو گیس سپلائی کرنے والی پائپ لائن کو اڑانے کی ذمہ داری قبول کر لی کالعدم تنظیم بی آر اے کے ترجمان سرباز بلوچ نے نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون کے ذریعے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیس پائپ لائن کو ہمارے سرمچاروں نے دھماکہ خیز مواد سے اڑایا۔
گیس پائپ لائن
زمزمہ گیس فیلڈ کی پائپ لائن دھماکے سے تباہ، پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو سپلائی معطل
Dec 15, 2014