پاکستانی ٹیم نے وکٹری سٹینڈ پر ”تماشائیوں کو فلائنگ کس“ کیا‘ ٹیم کو واپسی پر بھی مشکلات جرمنی کے کھلاڑی کی بھی نازیبا حرکات،کوئی ایکشن نہیں لیا گیا

Dec 15, 2014

لاہور (سپورٹس رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں سلور میڈل حاصل کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کو واپسی پر بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی حکام نے پاکستان ہاکی ٹیم کو دہلی میں سکیورٹی دینے سے معذرت کرلی۔ پاکستان ٹیم دہلی میں 24 گھنٹے گزارنے کے بعد کل واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ٹیم مینجمنٹ نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال کے باعث راستے بند ہونے کی وجہ سے بھارتی حکام کو ایک دن کھلاڑیوں کے دہلی میں رکنے کی درخواست کی تھی جس پر حکام نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم جرمنی سے ہار گئی مگر وکٹری سٹینڈ پر پہنچ کر اس نے ملک کا نام روشن کیا۔ فائنل کھیلنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے کراﺅڈ کے سامنے ہاتھ لہرا کر سلام کرکے بتایا کہ بڑا دل کسے کہتے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے ہاتھ منہ کو لگا کر تماشائیوں کو فلائنگ کس کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ فائنل میں پاکستان کے خلاف پہلا گول کرنے کے بعد جرمنی کھلاڑی نے نازیبا اشارہ کیا مگر اس کے خلاف کوئی ایکشن لیا گیا نہ اسے پیلا یا کوئی اور کارڈ دکھایا گیا۔ جرمنی کھلاڑی ویزلے نے گول کرنے کے بعد تماشائیوں کی طرف ہاتھ سے نازیبا اشارہ کیا۔ ایسی ہی حرکت پر پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی لگائی گئی تھی۔

ہاکی میچ/ جھلکیاں


مزیدخبریں