5سال میں دہشت گردوں کو سب سے زیادہ پھانسیاں سندھ میں دی گئیں

Dec 15, 2015

اسلام آباد(آن لائن) سندھ میں گزشتہ 5 سال کے دوران دیگر 3 صوبوں اور خود مختار علاقوں کی نسبت سب سے زیادہ دہشت گردوں کو پھانسی کی سزائیں دی گئیں، تاہم صوبے میں اب بھی کئی مجرمان سزائے موت کے منتظر ہیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں گزشتہ ماہ نومبر تک 106 جبکہ پنجاب میں 64 مجرموں کو پھانسی دی گئی۔ بلوچستان، خیبرپی کیاور اسلام آباد میں ایک، ایک دہشت گرد کو پھانسی دی گئی.پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان میں اس عرصے کے دوران کسی دہشت گرد کو پھانسی نہیں دی گئی.اسی طرح سندھ میں سزائے موت کے منتظر قیدیوں کی تعداد بھی دیگر صوبوں اور علاقوں کی نسبت سب سے زیادہ ہے۔سندھ میں اس وقت 98، پنجاب میں 81، خیبرپی کیمیں 25، بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک، ایک قیدی پھانسی کی سزا پر عملدرآمد کے منتظر ہیں، جبکہ فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کوئی ایسا قیدی نہیں۔ واضح رہے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں پھانسی کی سزا پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی۔ یاد رہے زیادہ تر مجرمان کو گزشتہ سال دسمبر میں پیش آنے والے سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں بھی اب تک ہزاروں دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران فاٹا میں 2 ہزار 530 دہشت گرد، بلوچستان میں 435 دہشت گرد، خیبرپی کے میں 351، سندھ میں 342، پنجاب میں 90، اسلام آباد میں 7، آزادکشمیر میں 3 اور گلگت بلتستان میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔

مزیدخبریں