لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائد اعظم گریڈ ون ٹورنامنٹ 2015-16ء کے آٹھویں مرحلہ میں سپر ایٹ میچز کا آغاز ہو گیا۔ لاہور بلیوز کا پہلا روز آغا سلمان اور حارث نذر کی سنچریوں کے نام رہا۔ این بی پی سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور بلیوز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے روز کے کھیل میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز کا مجموعہ حاصل کر لیا جس میں آغا سلمان کی ناقابل شکست 113 جبکہ حارث نذر کے 103 رنز شامل تھے۔ کھیل ختم ہوا تو آغا سلمان کے ساتھ رضا علی ڈار 52 کے سکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ واپڈا کی طرف سے نصیر اکرم نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کے آر ایل کی ٹیم 208 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس میں شعیب احمد کے 77، نعمان علی کے 60 نمایاں رنز شامل تھے۔ سوئی گیس کی جانب سے عمران خالد نے چار، اسد علی نے تین جبکہ بلاول بھٹی نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پہلے روز کا دن ختم ہونے تک جواب میں سوئی گیس ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رنز بنا لیے تھے۔