سکھر (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان پر بات کرنا وقت کا ضیاع ہے ٗتحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں واپسی اچھی بات ہے ٗنواز شریف مشکل سے نکل چکے ہیں ٗ مشکل وقت وزیرا عظم کے مخالفوں کا ہے ٗ بلاول کو اپنی تاریخ کا نہیں پتہ وہ حکومت کو کیا تاریخ دینگے ٗ پی آئی اے کا معاملہ سنجیدگی سے لیا جائے۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان نے فیصلے واپس لینے کی روایت قائم رکھی ہے۔ عمران خان پر بات کرنا وقت کا ضیاع ہے۔ بلاول کو اپنی تاریخ کا نہیں پتہ وہ کیا تاریخ دینگے۔ وہ ہمیں مشورہ دیں ڈکٹیٹ نہ کریں ۔ انہوںنے کہا مسئلہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور سیاسی مسئلے سیاسی طریقے سے حل ہوتے ہیں ۔ مودی حکومت مسلمان دشمن ہے اور بھارت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا پی آئی اے کا معاملہ سنجیدگی سے لیا جائے۔ 2014ء میں حادثے کا شکار جہاز مرمت کر کے چلایا جار ہا ہے۔ پی آئی اے کے تمام جہاز گرائونڈ کر کے معائنہ کرایا جائے ۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ مخالف اسلام قانون سازی نہیں ہونے دیں گے۔بڑے بڑے حملوں میں ملوث کوئی بھی شخص مدرسے کا نہیں تھا ۔نیشنل ایکشن پلان کے خلاف نہیں مگر امتیازی سلوک پر اختلاف ہے۔انہوںنے ایک سوال پر جواب دیا کہ ہمارے جہاز بغیر کلیئرنس کے اڑ رہے ہیں تاہم سارے جہازوں کو از سر نو چیک کیا جانا چاہئے اور جب تک ماہرین کلیئرنس نہ دیں طیارے کوآپریٹ نہیں کیا جا نا چاہئے۔