کرنسی بحران پر بھارتی پارلیمنٹ میں بدترین ہنگامہ، اجلاس ملتوی

Dec 15, 2016

نئی دہلی ( صباح نیوز) بھارت کی پارلیمنٹ میں کرنسی بحران اور بدعنوانی کے معاملے پر بدھ کے دن بھی زبردست ہنگامہ ہوا جس کے باعث دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنا پڑی۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی کارروائی شروع ہونے کے تین منٹ بعد ہی اپوزیشن کے ارکان نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ جب ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو مرکزی وزیر کرن رجیجو پر لگے بدعنوانی کے الزاموں کو لے کر اپوزیشن نے دوبارہ ہنگامہ شروع کر دیا جس کے بعد لوک سبھائی سپیکر نے ایوان کی کارروائی جمعرات تک کیلئے ملتوی کر دی- ایوان میں وزیراعظم نریندرمودی بھی موجود تھے- ایوان میں برسراقتدار جماعت کے ممبر پارلیمنٹ اننت کمار نے کہا کہ حکومت بحث کیلئے تیار ہے لیکن اپوزیشن اس سے بھاگتی رہی ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ، مودی سرکار ہوش میں آ کے نعرے لگاتے رہے- اپوزیشن نے ایوان بالا، راجیہ سبھا میں بھی شدید ہنگامہ کیا جس کے باعث کارروائی کو ملتوی کرنا پڑا۔ دوسری طرف انڈین نیشنل کانگریس کے نائب صدر اہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس کچھ ایسی معلومات ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خود وزیر اعظم نریندر مودی بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ وہ ان معلومات کو لوک سبھا میں پیش کریں گے لیکن حکومت ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دے رہی۔ حکمران بی جے پی کے ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ بدعنوانی کا الزام بالکل بے بنیاد ہے اور راہول گاندھی اپنا الزام ثابت کریں۔ گزشتہ روز لوک سبھا کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد پریس کانفرنس ہوتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اس انکشاف سے نریندر مودی کا غبارہ پھٹ جائیگا۔ وزیر اعظم ڈرے ہوئے ہیں۔ وہ بحث سے بھاگ رہے ہیں، انہیں بہانے بنانا بند کرنا چاہئے۔ اسکے بعد دیش یہ فیصلہ کریگا کہ کون سچ بول رہا ہے اور کون جھوٹ۔ بی بی سی کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے پورے سرمائی اجلاس میں کوئی کام کاج نہیں ہوسکا۔ ملک میں 8 نومبر کو بڑے کرنسے نوٹ بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس پر سیاسی جنگ اب پارلیمان میں لڑی جا رہی ہے۔ پارلیمان کارواں اجلاس کل جمعہ کو ختم ہو جائے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس مبینہ معلومات کا تعلق کرنسی نوٹ بند کرنے کے فیصلے سے ہے، راہل گاندھی نے کوئی واضح جواب نہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ نریندر مودی جی پر پرسنل انفارمیشن ہے، پھر سے دہراتا ہوں، نریندر مودی جی کے بارے میں پرسنل انفارمیشن ہے۔

مزیدخبریں