تحریک انصاف نے ہنگامہ آرائی سے اسمبلی کا تقدس پامال کیا: مریم اورنگزیب

Dec 15, 2016

اسلام آباد (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی کر کے اسمبلی کے تقدس کو پامال کیا گیا، سپریم کورٹ ہو یا پارلیمنٹ، وزیراعظم نے ہر جگہ خود کو پیش کیا۔ وزیراعظم کا دامن صاف ہے، انہیں پیش ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ ملک کی ایک پارٹی ایسی ہے جو سپریم کورٹ ہو یا پارلیمنٹ ہر کارروائی کو روکنا چاہتی ہے۔ تحریک انصاف کا کام ہر جگہ ہنگامہ آرائی کرنا ہے۔ عمران یوٹرن لینے میں ماہر ہیں، انکے سب فیصلے غلط ثابت ہوئے ہیں۔ اب ہنگامہ آرائی کے اس رویے کو ختم ہونا چاہئے، حکومت چاہتی ہے۔ پانامہ پیپرز پر بحث کا کوئی طریقہ ہونا چاہئے اور حکومت کا موقف بھی سنا جانا چاہئے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر قومی اسمبلی اجلاس کی براہ راست کارروائی دکھائی جا رہی ہے تا کہ قوم کو پتہ چلے کون مثبت سوچ کے ساتھ جذبہ خدمت رکھتا ہے اور کون احتجاج و انتشار کی سیاست کر کے قوم کا وقت برباد کر رہا ہے۔ قوم نے دیکھ لیا کہ قومی اسمبلی میں جب سعد رفیق نے اپنا موقف دینا چاہا تو تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی جانب سے ہنگامہ آرائی شروع کردی گئی، پی ٹی آئی کو پارلیمانی روایات کا کچھ پاس نہیں اور نہ ہی انہیں یہ معلوم ہے کہ آئین کی کتابوں کو پھاڑ کر کوئی احتجاج نہیں ہوتا۔

مزیدخبریں