کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فائربریگیڈ کو شہر کا مثالی محکمہ بنائیں گے، فائر آفیسرز اور دیگر عملے کے مسائل جلد حل کریں گے ، فائر رسک الائونس کی مد میں کچھ ادائیگیاں ہوچکی ہیں جبکہ باقی ماندہ ادائیگیاں بھی جلد کردی جائیں گی، 2 کروڑ روپے کی لاگت سے ہوز اور ہائوس پائپ اسی ہفتے فائربریگیڈ کو فراہم کردیئے جائیں گے، سال رواں کے دوران 3 ہزار 800 واقعات میں فائربریگیڈ نے آگ بجھانے کی کارروائی انجام دی، سال بھر کے دوران کراچی میں تقریباً 4 ہزار 500 آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں، یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے کراچی تاجر اتحاد کے سربراہ عتیق میر اور فائربریگیڈ کے ملازمین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس شیخ، چیف فائر آفیسر تحسین الرحمن، اراضیات کمیٹی کے چیئرمین سید ارشد حسن، میئر کراچی کے مشیر فرحت خان، مالیات کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی، ڈائریکٹر اسٹیٹ تسنیم احمد، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد عمران اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ فائربریگیڈ میں عملے کے لئے میڈیکل کی سہولت جلد مہیا کی جائے گی۔
، ملازمین کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ مالی معاملات میں بہتری لا کر غیر ضروری اخراجات ختم کرکے بچائی گئی رقم دیگر ضروری کاموں پر خرچ کی جائے، انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور دوران ملازمت انتقال کرجانے والے ملازمین کے بچوں کو کے ایم سی میں ملازمت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ملازمین کے بچوں کی شادی اور تعلیم وغیرہ کے لئے بھی مالی مدد کی جاتی ہے انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد فائربریگیڈ کو اس کی موجودہ سطح سے آگے لے جانا اور اس کی کارکردگی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے جس کے لئے فائربریگیڈ کو آگ بجھانے والی گاڑیوں اور اسنارکل سمیت جدید ترین مشینری اور آلات فراہم کئے جا رہے ہیں اور مختلف ضروری چیزوں کے لئے ٹینڈر کا اجراء اور ورک آرڈر جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ آگ بجھانے کے حساس کام پر مامور عملے کی حفاظت کے لئے بھی ضروری سامان کی فراہمی کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ وہ کسی بھی حادثے سے محفوظ رہیں اور اپنا کام بلا خوف و خطر انجام دے سکیں، انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے وسیع و عریض شہر میں جہاں ایک طرف بلند و بالا عمارات اور دوسری طرف گنجان آبادیاں اور صنعتی علاقے موجود ہیں ، فائربریگیڈ کی اہمیت دو چند ہوجاتی ہے ، شہر کے کسی بھی علاقے میں آگ لگنے کی صورت میں فائربریگیڈ کا عملہ فوری اپنی ذمہ داری انجام دیتا ہے اور شہریوں کے جان و مال کے کم سے کم نقصان کو یقینی بناتا ہے جس کے لئے فائر فائٹرز خراج تحسین کے مستحق ہیں کیونکہ یہ لوگ اپنی جان پر کھیل کر شہریوں کے جان و مال کو بچاتے ہیں، اس موقع پر کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے میئر کراچی وسیم اختر سے کہا کہ کراچی جیسے شہر میں فائر بریگیڈ کو جدید اور بہتر خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہونے والی کوششیں قابل قدر ہیں اور وہ ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، فائر بریگیڈ کے عملے کے جائز مطالبات پورے ہونے سے یہ لوگ زیادہ دلجمعی اور محنت کے ساتھ اپنی فرائض انجام دیں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی فائربریگیڈ کو درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور اسی لئے وفاقی حکومت کے کراچی پیکیج میں بھی فائر بریگیڈ کی بہتری اور ترقی کے لئے رقم مختص کی گئی ہے تاکہ اس محکمے کو ضروری وسائل فراہم کئے جائیں ، فائربریگیڈ کی گاڑیوں اور آلات کی مستقل مینٹی نینس کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور فائربریگیڈ عملے کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ دستیاب گاڑیوں اور آلات کو درست حالت میں رکھیں تاکہ کسی بھی وقت ضرورت پڑنے پر انہیں استعمال کی جاسکے۔