پی ٹی آئی کو عام آدمی کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں : شہبازشریف‘ اورنج لائن میٹروٹرین پر کام تیز کرنے کی ہدایت

لاہور(نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مفاد عامہ کے عظیم الشان منصوبے اورنج لائن میٹروٹرین کی جلد سے جلد تکمیل کے لئے شبانہ روز محنت سے کام کیا جائے اورمنصوبے سے منسلک متعلقہ کاموں پر رفتار کو مزید تیز کیا جائے-ابتدائی طبی امداد اور ریسکیو1122 کے پوائنٹس بحال کئے جائیں اوروزیراعلی کی تعمیراتی کاموں سے منسلک ضروری آلات جلد خریدے جائیں-تاریخی مقامات کی بحالی اور تزئین و آرائش کو جلد مکمل کیا جائے- منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز اور ٹیکنیشنز کیلئے موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں-تعمیراتی کاموں کے دوران اردگرد سے گزرنے والے شہریوں کی حفاظت کیلئے بھی جامع حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیںاور متعلقہ ادارے آپس میں انتہائی قریبی رابطہ رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کو تیزی سے آگے بڑھائیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ عام آدمی کوعالمی معیار کی باوقار اور باکفایت سفری سہولتیں فراہم کرے گا اوریہ منصوبہ جتنی جلدی مکمل ہوگا اتنا ہی عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا- انہوںنے کہا کہ بعض سیاسی مخالفین کے ذاتی مفادات کے باعث منصوبے مےں 22ماہ کی بے پناہ تاخےر ہوئی ہے ۔ جن سیاسی عناصر نے اس عظیم منصوبے میں رکاوٹیں کھڑی کیں وہ بے نقاب ہو چکے ہیں-پی ٹی آئی نے عوامی مفادات کو نظرانداز کر کے ذاتی مفادات کو ترجیح دی -جن سیاسی عناصر کے باعث تاخیر ہوئی، انہیں عام آدمی کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔لیکن ہم تاخیر کا ازالہ محنت ، محنت اور صرف محنت سے کریں گے۔

شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن