لاہور (وقائع نگارخصوصی) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کوئی سازش نہیں کر رہا لیکن ان دیکھے ہاتھوں پر الزام عائد کرنا (ن) لیگ کا وطیرہ بن چکا ہے ،نواز شریف اپنے پائوں پر کلہاڑی مار کر روتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا،امید ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں گے اور جلد مسائل کا حل نکل آئے گا۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان کا واقعہ کالے کوٹ کے وقار کے خلاف اور شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر سردار ایاز صادق نے لچھے دار بات کی، وہ کہتے ہیں کہ اسمبلی چلتی نظر بھی نہیں آتی اور وہ چلائیں گے بھی۔ (ن) لیگ کا وطیرہ بن گیا ہے کہ ان دیکھے ہاتھوں پر الزام عائد کرتے ہیں۔ لیگی رہنما رونا ڈال کر بیٹھے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ (ن) لیگ نام بھی نہیں بتاتی کہ ان کے خلاف سازش کون کر رہا ہے۔ (ن) لیگ حکومت میں بھی ہے اور اپوزیشن میں بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے اب بھی مسلم لیگ (ن) کو ریلیف مل رہا ہے۔ کوئی (ن) لیگ کے خلاف سازش نہیں کر رہا۔ نواز شریف اپنے پائوں پر کلہاڑی مار کر روتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا۔انہوں نے کہا کہ ایک ملک کا وزیر اعظم ہو کر غیر ملکی کمپنی کی ملازمت کر رہا ہے۔ اس لیے انہیں نکالا گیا، مسلم لیگ (ن) کے ارد گرد اقامہ ایک گھنٹی بن چکا ہے جو ٹن ٹن بج رہا ہے۔ اقامہ صرف حکومت سے نکالنے کے لیے ہی نہیں بلکہ سزا کے لیے بھی کافی ہے۔
کوئی سازش نہیں کر رہا ، ان دیکھے ہاتھوں پر الزام لگانا (ن) لیگ کا وطیرہ بن چکا، اعتزاز
Dec 15, 2017