اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جس کا مجلس قائمہ کے چیئرمین رحمن ملک نے سخت نوٹس لیا اور کہا ہے کہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کو فوری طور پر اجلاس میں بلایا جائے جب تک چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے اس وقت تک اسلامی نظریاتی کونسل سے متعلق بل پر غور نہیں کیا جائے گا۔ ٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کے فیصلے کیخلاف مذمتی قرار داد منظور کی گئی۔ مجلس قائمہ نے پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کو زبردستی ڈی پورٹ کرنے ،انہیں گرفتار کرنے اورسکولوں کا انتظام ترکی کی کسی این جی اوز کو دینے کے بارے میں وزارت داخلہ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں، مجلس قائمہ نے گواہوں کے تحفظ کیلئے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل پر مزید غور کیلئے بیرسٹر سیف کی سربراہی میں 3رکنی کمیٹی قائم کر دی جو 15 روز میں قانون سازی سے متعلق اپنی رپورٹ دے گی۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کمیٹی کو بتایا کہ وہ تمام معلومات اور ہر سوال کا جواب دیں گے لیکن کمیٹی یہ بھی دیکھے کہ ہمارے اختیار میں کیا ہے؟ اجلاس میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ معید اور سپاہی بشارت شہید کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے عاصمہ جہانگیر نے بتایا کہ پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کو زبر دستی نکالا گیا،پاک ترک سکولوں کا انتظامی کنٹرول کسی اور ترک این جی او کے سپرد کر دیا گیا، میرے موکل اور اس کے بچوں کو پاکستان سے گرفتار کر کے ترکی کی جیل میں بند کر دیا گیا۔ چیئرمین رحمان ملک نے کہا کہ وزارت داخلہ پاک ترک سکولوں کی رجسٹریشن کی دستاویزات کمیٹی کو فراہم کرے، ترک اساتذہ جو پاکستان میں ہیں یا ترکی چلے گئے ہیں ان کی تفصیلات کمیٹی کو دی جائیں۔