آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم، دانش سکول، نواز شریف کالج اور سستی روٹی سکیم میں گھپلوں کے انکشاف نیب نےتحقیقات شروع کردیں

Dec 15, 2017 | 19:48

ویب ڈیسک

 شریف برادران کیخلاف کرپشن اور بدعنوانیوں کے کھولنے والے کھاتوں میں سرگودھا میں قائم آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم، دانش سکول، نواز شریف کالج اور سستی روٹی سکیم میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کے انکشاف پر نیب حکام تحقیقات شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق ان سکیموں میں دو سابق ڈی سی اوز اور سابق کوارڈی نیٹرسستی روٹی کے گرد بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے صوبہ بھر کی طرح سرگودھا میں بھی فیصل آباد روڈ سے ملحقہ چک 104 جنوبی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم، گورنمنٹ نواز شریف کالج ، دانش سکول کی تعمیر میں نہ صرف کروڑوں کے گھپلے کئے گئے بلکہ متعلقہ اداروں کے ذریعے ناقص اور غیر معیاری میٹریل بھی استعمال کیا گیا۔ جس میں دو سابق ڈی سی اوز، محکمہ ہائی وے اور محکمہ بلڈنگز کے آفیسران بھی ملوث ہیں جبکہ عوام کے نام پر شروع کی گئی سستی روٹی سکیم میں بھی وسیع پیمانے میں گھپلے کئے گئے جن میں سابق کوارڈی نیٹر سستی روٹی راﺅ طاہر مشرف اور ایک ڈی سی او کے ذریعے لاکھوں کی کرپشن کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چک 104 جنوبی میں قائم کردہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم، میاں نواز شریف کالج اور دیگر ملحقہ عمارتوں کی تعمیر ایسی جگہ کی گئیں جو شہر سے 15کلو میٹر دور ہے جس کا عام شہری کو کوئی فائدہ نہ ہوا۔ عوام کی عدم دلچسپی کے باعث یہ سکیمیں نہ صرف فلاپ ہوگئیں بلکہ ان کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال ہونے سے یہ عمارتیں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ ذرائع کے مطابق فالکن ہوم، سماعت سے محروم افراد کے فنڈز، ماڈل ٹاﺅن ہاﺅسنگ سکیموں میں بھی گھپلوں کی تحقیقات جاری ہے۔ نیب کی ٹیم نے اس ضمن میں سرگودھا کا دوسرا دورہ کرکے ان سکیموں کے متعلق ریکارڈ کو قبضہ میں لے لیا ہے۔

مزیدخبریں