سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں جب پاکستان ملا تو وہ ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکا تھا لیکن ہم نے اسے سنبھالا ہے, اقتدار میں آئے تو پرویز مشرف ان کے سینوں پر بیٹھا ہوا تھا لیکن ان کی مجال نہیں تھی کہ اسے کچھ کہتے لیکن ہم نے اسے عوام کی طاقت سے چلتا کیا, پرویز مشرف کو لانے والے نواز شریف ہی تھے اور اب انہی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے حکومت اور اسٹبلشمنٹ ایک پیج پر نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود یہ پوچھتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ اگلی حکومت ہماری ہو گی میں حکومت بنا کر دکھائوں گا. ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر نیت ٹھیک ہو اور عوام کا ساتھ ہو تو سب کچھ ہو سکتا ہے, ہمارے پاس طریقہ بھی ہے اور منشور بھی ہے ,پاکستان دوبارہ ٹھیک ہو سکتا ہے, ہم کر کے دکھائیں گے. انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں ہماری بی بی شہید کی گئیں تو ہمیں پاکستان ایسے ٹکڑوں میں ملا جس میں ہو سکتا تھا کہ پاکستان کسی اور طرف چلا جاتا یا پھر پاکستان رہتا نہیں ,مجھے بی بی صاحبہ کی ہر بات یاد ہے جو انہوں نے مجھ سے یا بھٹو نے ان سے کی ,ہر بات میں صرف یہی ذکر تھا میری دھرتی میرا پاکستان میرے لوگ میرے غریب عوام ,ہم نے اس بات کو ذہن مین رکھ کر اس دھرتی کی خاطر قربانیاں دی ہیں .آصف زرداری نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو مشرف ان کے سینوں میں بیٹھا تھا ان میں مشرف کو نکالنے کی مجال نہ تھی پھر پیپلز پارٹی نے اس کو چلتا کیا ,ہم نے مشرف کو مکھن سے بال کی طرح نکالا تا کہ ملک کو کچھ نہ ہو , پاکستان کے دس سال ضائع گئے ,اس کو لانے والا نواز شریف تھا ,یہ اس کی غلط پالیسیاں تھیں ,آج بھی اگر اسٹیبلیشمنٹ اور حکومت ایک پیج پر نہیں ہیں تو یہ بھی اس کی غلط پالیسیاں ہیں. میاں نواز شریف آج پوچھتا پھر رہا ہے ,مجھے کیوں نکالا, ہر چیزکی ایک انتہا ہے, آپ انتہا کی عروج پر پہنچ گئے تھے, یہ جیلیں نہیں کاٹ سکتے, اس بات کا پتہ اسحاق ڈار کا ملک سے فرار ہونے سے لگتا ہے ,ان کو سی پیک کی تشریح نہیں آتی, انہوں نے سی پیک کو ایک قرضہ لینے والی ایجنسی سمجھ رکھا ہے ,اب ان کو پتہ نہیں چل رہا ہے قرضہ کیسے واپس کیا جائے ,قرض دار تو قرض واپس مانگے گا .پیپلز پارٹی کے پاس پروگرام بھی ہے اور طریقہ بھی ہے اور وہ تعلقات بھی ہیں کہ آپ کو ان مشکلات سے نکال سکیں, اگر آپ دوستوں کا ساتھ رہے تو جنوبی پنجاب بھی بن سکتا ہے اور پاکستان دوبارہ ٹھیک بھی کیا جا سکتا ہے, بچوں کو تعلیم بھی مل سکتی ہے ,اگر آدمی کی نیت صحیح ہو تو ہر کام ٹھیک ہو سکتا ہے, پیپلز پارٹی کی ہمیشہ گڑھی خُدا بخش سے وفا رہی ہے اور وہاں سے صدا آتی ہے کہ ہم نے ہمیشہ وفاکرنی ہے ,انشاء اللہ میں آپ کو اگلی حکومت بنا کر دوں گا۔