فیصل آباد+لاہور (نمائندہ خصوصی+خبرنگار) منصورآباد میں واقع ایک مقامی اکیڈمی سے دو نوجوانوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق رات 3 بجے کے قریب اہل علاقہ نے فائرنگ کی آواز سن کر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور تلاشی کے دوران دونوں نوجوانوں کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ نوجوانوں کی شناخت 22 سالہ ساجد اور 23 سالہ وقاص کے نام سے ہوئی جو دوست ہیں۔ ابھی تک قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لے کر کارروائی کا آغاز کردیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیصل آباد میں 2 نوجوانوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ بہیمانہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کے تقاضے پورے کئے جائیں۔