نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے رافیل طیاروں ڈیل سے متعلق مودی حکومت کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں رافیل طیاروں کی ڈیل کی مخالف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے رافیل ڈیل کے طریقے کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے درست قرار دیدیا اور اس ڈیل کی مخالفت میں تمام درخواستوں کو مسترد کردیا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ رافیل طیاروں کی ڈیل پر سپریم کورٹ کی زیر نگرانی تحقیقات کی ضرورت نہیں اور اس ڈیل کی قیمت، فیصلہ سازی سے متعلق تفصیلات کی ضرورت بھی نہیں۔ چیف جسٹس دیپک مشرا نے ریمارکس دیئے کہ رافیل ڈیل کے طریقہ کار پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں، اس معاملے پر کوئی ثبوت نہیں ملا کہ عدالت مداخلت کرے۔ واضح رہے کہ بھارت نے حکومتی سطح پر فرانس سے 2016 میں ڈسالٹ ایوی ایشن کے تیار کردہ 36 رافیل جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ رافیل جیٹ طیاروں کے معاہدے نے بھارت میں سیاسی بحران پیدا کر دیا تھا۔