لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، کراچی، اسلام آباد (لیڈی رپورٹر، نمائندہ خصوصی، کرائم رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ 5ہزار سے زائد ماہانہ فیس وصول کرنے والے نجی سکولوں سے 20فیصد فیس واپس لے کر یہ رقم ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کو لوٹائیں گے۔ پرائیویٹ سکولوں سے متعلق معاملات کو نبٹانے کیلئے قائم کی جانے والی ریگولیٹری اتھارٹی کا ڈرافٹ وزارت قانون کے پاس زیر غور ہے جسے آئندہ سیشن میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح اساتذہ کو کم از کم اجرت سے کم ماہانہ تنخواہ دینے والے پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے گی جبکہ گرمیوں کی چھٹیوں کی وصول شدہ فیس کا 50فیصدآئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین سکول انتظامیہ کی جانب سے اضافی واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں 0336-7251214 پر رابطہ کریں۔ گوجرانوالہ میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ایف آئی اے ٹیموں نے تمام بڑے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں بھی 2 نجی سکولوں کی تین برانچوں سے ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔ ایف آئی اے کی ٹیموں نے کراچی کے علاوہ سکھر ، لاڑکانہ، خیرپور اور حیدرآباد میں 16 پرائیویٹ سکولوں پر چھاپے مار کر فیسوں اور اکائونٹس کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔ وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ رہائشی علاقوں میں قائم سکولز کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے سکولز مالکان اور والدین کی غلط فہمی کو دور کرتے ہوئے کہ کہ سکولز بند کروانے اور اسے سیل کرنے سے متعلق سندھ حکومت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ایف آئی اے نے بھاری بھر کم فیسوں کی وصولی کے معاملے پر تمام بڑیپرائیویٹ سکولوں کا فرانزک آڈٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے 22 بڑے پرائیویٹ سکولوں کا فرانزک آڈٹ کرکے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی جائے گی۔ کراچی میں ایف آئی اے نے سکولوں کیخلاف فیسوں میں اضافے سے متعلق کارروائی کرتے ہوئے 16 سکولوں کو سیل کردیا۔
پرائیویٹ سکولوں کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ، گوجرانوالہ، اسلام آباد، سندھ میں چھاپے
Dec 15, 2018