اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی خیبر پی کے حکومت کا پہلا تجربہ تھا تسلیم کرتے ہیں کہ اس میں غلطیاں ہوئیں منصوبہ مکمل ہونے کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا لیکن چند ماہ بعد مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو سہولت ملے گی۔ پشاور میں کھلی کچہری کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ میں ایڈوائزر وزیراعظم محمد شہزاد ارباب کا کہنا تھا یہاں آنے کا مطلب یہ نہیں کہ تاثر لیا جائے کہ مجھے وزیراعظم نے یہاں بھیجا ہے یہ میرا اپنا صوبہ ہے۔ یہاں آتا رہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کے افسران عوام کے تابع ہیں اسی لئے انہیں کھلی کچہری میں عوام کے سامنے کھڑا کیا۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ چند ماہ میں عوام کو ریلیف ملے گا۔