لاہور(نمائندہ خصوصی) گلشن اقبال کے علاقہ کریم مارکیٹ کے قریب صدر آل پاکستان پرائیو یٹ سکولز ایسوی ایشن کاشف مرزا کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے وہ زخمی ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو طبی امد اد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ کاشف مرزا پر دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔ ایک فائر ان کی کمر اور دوسرا ان کے بازو پر لگا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔گلشن اقبال پولیس کے مطابق سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے شواہد اکھٹے کر رہے ہیں، جلد ہی ملزمان کو گر فتا ر کرلیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لیا۔ انہوں نے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا۔
صدر پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کاشف مرزا قاتلانہ حملے میں زخمی‘ وزیراعلیٰ کا نوٹس
Dec 15, 2019