پولیس کے کچہریوں میں داخلے پر پابندی، پنجاب بار کی کل سے غیر معینہ ہڑتال

لاہور (نمائندہ خصوصی‘نوائے وقت رپورٹ) پنجاب بار کونسل نے کل سے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کی کال دیدی ہے اور صوبے بھر کی کچہریوں میں باوردی پولیس افسروں اور اہلکاروں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔ کونسل کا کہنا ہے کہ جب تک گرفتار وکلاء رہا نہیں ہوتے تب تک وکلاء عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے۔ اجلاس وائس چیئرمین چودھری اسماعیل گجر کی زیرصدارت ہوا جس میں پی آئی سی واقعہ پر عوام رابطہ مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ منیر حسین بھٹی ممبر بار کونسل کی سربراہی میں کمیٹی اصل حقائق سے عوام کو آگاہ کرے گی۔ اجلاسوں میں پنجاب بار کونسل کے زیراہتمام لاہور میں وکلاء کنونشن کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وکلاء کنونشن کی تاریخ کا اعلان کل کیا جائے گا۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی آئی سی حملہ کیس میں ریکارڈ پیش نہ کرنے پر 11 پولیس افسروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی ایجنسی دانستہ طور پر ریکارڈ پیش نہیں کر رہی۔ ادھر وزیر اعظم کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے کی گئی دوسری کارروائی بھی ناکام ہوگئی ہے اور ملزم کارروائی سے پہلے ہی فرار ہوگیا۔ لاہور پولیس نے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے رائے ونڈ میں کارروائی کی لیکن ملزم وہاں سے بھی فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رائے ونڈ میں کارروائی حسان نیازی کے موبائل فون کی لوکیشن اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔پولیس نے حسان نیازی کو پولیس وین جلانے کے مقدمہ میں نامزد بھی کرلیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...